27.7 C
Islamabad
جمعرات, مئی 8, 2025
ہومعلاقائی خبریںڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان اپر کا ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے...

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان اپر کا ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے ٹرانسپورٹ و ٹریڈ یونینز کے ساتھ میٹنگ

- Advertisement -

داسو۔ 07 مئی (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کوہستان اپر فرمان اللہ نے ٹریفک نظام کی بہتری کے لیے ٹرانسپورٹ و ٹریڈ یونینز کے ساتھ میٹنگ کا انعقاد کیا۔ شعبہ اطلاعات و تعلقات عامہ کوہستان اپر پولیس کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر فرمان اللہ کی زیر صدارت ان کے دفتر میں ہونے والی میٹنگ میں ایس ایچ او تھانہ کمیلہ عامر منظور، ٹریفک انچارج عبدالرحیم، ٹرانسپورٹ، ٹریڈ یونین، اڈہ مالکان اور رینٹ اے کار سروسز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ میٹنگ کا مقصد ضلع بھر میں ٹریفک کے نظام کو مزید بہتر اور موثر بنانے کے لیے باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا۔

ڈی پی او کوہستان اپر نے شرکا کو ٹریفک کے موجودہ چیلنجز، بالخصوص اڈوں کی بے ترتیبی ، غیر قانونی پارکنگ اور رینٹ اے کار سروسز سے جُڑے مسائل کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام شعبوں کی جانب سے مثبت کردار ادا کیے بغیر ٹریفک نظام کی بہتری ممکن نہیں اس لئے پولیس کو آپ کا تعاون درکار ہے۔ جس پر تمام نمائندوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے پولیس کے ساتھ مکمل ہم آہنگی سے کام کریں گے اور ٹریفک کو رواں دواں رکھنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

- Advertisement -

آخر میں ڈی پی او کوہستان اپر نے تمام نمائندوں کے جذبے اور تعاون کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور میٹنگ کے اختتام پر شرکاکو تعریفی سرٹیفکیٹ بھی دیئے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593782

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں