ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس،پولیو مہم کاآغاز 2 اکتوبرسے ہو گا

128

فیصل آباد۔ 17 ستمبر (اے پی پی):فیصل آباد میں 2سے8اکتوبر تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم میں 5سال تک کی عمر کے15 لاکھ 36ہزار770بچوں کو حفاظتی ویکسین کے قطرے پلانے کیلئے 4869 موبائل،فکسڈ و ٹرانزٹ پوائنٹس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

انسداد پولیو مہم کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کا اجلاس ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹرز کاشف رضا اعوان کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹراسفند یار اور ڈی ایچ او ڈاکٹر ثاقب منیر نے مہم کے انتظامات پر بریفنگ دی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹرزنے ہدایت کی کہ ضلع میں انسداد پولیو کی آئندہ مہم کو سو فیصد کامیاب بنانے کیلئے تمام تردستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں اور اس ضمن میں مائیکروپلان کے مطابق عملدرآمد کیا جائے تاکہ گزشتہ کمزوریوں وخامیوں کا سو فیصد ازالہ ہوسکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پولیو کا ہرراؤنڈ اہمیت کا حامل ہے لہٰذا متعلقہ سٹاف اپنی ذمہ داریاں کماحقہ پوری کریں اوردورانمہم والدین کی آگاہی کیلئے تمام تر تشہیری ذرائع بروئے کار لائے جائیں تاکہ ان میں احساس ذمہ داری برقرار رہے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرہیڈ کوارٹرزنے کہا کہ تحصیلوں میں بھی انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں جذبے سے فرائض انجام دیئے جائیں اور اس سلسلے میں معمولی سی بھی غفلت نہیں ہونی چاہیے۔