اسلام آباد۔4اکتوبر (اے پی پی):وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے وزارت صحت ڈاکٹر ملک مختار بھرتھ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس نے اسلام آباد میں ڈینگی کے پھیلاؤ کی پیش نظر ایڈوائزری جاری کردی ہے۔جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ ڈینگی کے پھیلائو کو روکنے کے لیے مربوط اور موثر اقدامات کیے جارہے ہیں ۔
ایڈوائزری میں کہا گیا کہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفس کا عملہ ڈینگی کی روک تھام کے لئے عملی اقدامات کو یقینی بنا رہا ہے ۔ اسلام آباد میں مختلف جگہوں پر پانی جمع ہے جو ڈینگی کے پھیلاؤ کا سبب بن سکتا ہے ۔ ڈینگی وائرس کا بنیادی ویکٹر ایڈیس ایجپٹائی جیسے مچھروں کی افزائش کے لیے کام کر سکتا ہے۔ایڈوائزری کے مطابق حکام وائرس کے کسی بھی ممکنہ پھیلائو سے قبل ضروری اقدامات کو یقینی بنائیں۔
تمام رہائشی، تجارتی اور عوامی مقامات ، کنٹینرز، گراؤنڈز یا کسی بھی مصنوعی ڈھانچے میں پانی جمع نہ رکھیں۔جہاں پانی کھڑا ہو اور مچھروں کی افزائش گاہ بن جائے وہاں فوری مچھر مار سپرے کرایا جائے ۔ڈینگی سے متاثرہ شخص میں سر درد،جسم میں درد، بخار اور کمزوری کی علامات ظاہر ہوتی ہیں جبکہ شہری شام کے وقت باہر نکلنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر عمل درآمد کریں۔