بٹگرام۔ 31 جنوری (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان نے سائلین کی صحت اور عمر کے تعین کے لئےڈی ایچ کیو ہسپتال میں میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا۔ ڈپٹی کمشنر بٹگرا م کو تحصیل الائی کے شہریوں نےدرخواست دی تھی کہ ضلع بٹگرام میں عمر کے تعین کیلئے کوئی کمیٹی نہیں ہے جس کی وجہ سے باہر ممالک جانے کیلئے اور نادرا کے کیسز میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور دور دراز یا دوسرے اضلاع جانے کے دوران پیسے کا بھی ضیاع ہوتا ہے۔ڈپٹی کمشنر بٹگرام آصف علی خان نے عوامی مفاد میں کارروائی کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال بٹگرام میں صحت اور عمر کے تعین کے معاملات کا فیصلہ کرنے کے لیے میڈیکل بورڈ کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔کمیٹی اب تمام کیسز کا فیصلہ ضلع بٹگرام میں کرے گی۔