ڈسٹری بیوشن کمپنیوں نے بجلی کے بلوں کا نیا اور آسان فارمیٹ جاری کر دیا

وزارتِ توانائی کی ہدایت پر ملک بھر کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) نے بجلی کے بلوں کا نیا اور آسان فارمیٹ جاری کر دیا ہے جس کا مقصد صارفین کو مزید سہولت فراہم کرنا اور بلنگ سے متعلق معلومات کو زیادہ واضح اور قابلِ فہم بنانا ہے۔

اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):وزارتِ توانائی کی ہدایت پر ملک بھر کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں (ڈسکوز) نے بجلی کے بلوں کا نیا اور آسان فارمیٹ جاری کر دیا ہے جس کا مقصد صارفین کو مزید سہولت فراہم کرنا اور بلنگ سے متعلق معلومات کو زیادہ واضح اور قابلِ فہم بنانا ہے۔ ترجمان پاور ڈویژن کے مطابق نئے ڈیزائن میں صارفین کے لئے بل سمجھنا مزید آسان ہو گیا جس سے صارفین اب کھپت، بل کی تفصیلات اور ادائیگی کی معلومات دیکھ سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیا فارمیٹ سادگی، شفافیت اور بہتر صارف تجربے کو مدنظر رکھتے ہوئے صارفین کی شکایات کے بعد بل فارمیٹ کو مکمل طور پر ازسرِنو ترتیب دیا گیاہے ۔ ترجمان نے کہا کہ پرانا بل غیر ضروری معلومات، تکنیکی اصطلاحات، پیچیدہ ترتیب کے باعث سمجھنے میں مشکل تھا، نئے فارمیٹ میں رقم، مقررہ تاریخِ اور بجلی کے استعمال کی تفصیلات نمایاں درج ہیں اور اس میں معلومات کو منظم انداز میں پیش کیا گیا ہے، صارف اب ایک نظر میں اپنی بلنگ کی مکمل صورتحال جان سکے گا، نئے بجلی بل میں بصری پیچیدگی کم کر دی گئی ہیں اور نیا فارمیٹ تمام طبقوں کے صارفین کے لئے زیادہ قابلِ فہم بنایا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ جدید سہولت کے تحت نئے بجلی بلوں میں کیو آر کوڈکو بھی شامل کیا گیا ہے جس سے صارفین اضافی معلومات اور ڈیجیٹل سروسز تک فوری رسائی حاصل کر سکیں گے۔ نئے بجلی بلوں کی تشکیل صارفین اور مختلف سٹیک ہولڈرز کی تجاویز کی روشنی میں کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاور سیکٹر میں شفافیت، بہتر خدمات اور اصلاحات کا عمل جاری رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ فی الحال، لیسکو، گیپکو اور میپکو کے بجلی کے بل نئے فارمیٹ میں پرنٹ ہونا شروع ہو چکے ہیں جبکہ آئیسکو کے بلوں کی نئے فارمیٹ میں پرنٹنگ پیر سے شروع ہو جائے گی۔ دیگر ڈسکوز پروکیورمنٹ کے عمل میں ہیں جس کے بعد وہاں بھی نئے فارمیٹ میں بلوں کی پرنٹنگ شروع ہو جائے گی۔