ڈنمارک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں پہلی ششماہی کے دوران 6.4 فیصد اضافہ

80
State Bank

اسلام آباد۔1فروری (اے پی پی):ڈنمارک میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 6.4 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں ڈنمارک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 36.3 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 6.4 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ڈنمارک میں کام کرنے والے پاکستانیوں نے 34.1 ملین ڈالرکازرمبادلہ ملک ارسال کیاتھا۔

دسمبر2021 میں ڈنمارک سے ترسیلات زرکاحجم 5.7 ملین ڈالرریکارڈکیاگیا جودسمبر2020 میں 5.6 ملین ڈالرتھا۔

واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی جانب سے قانونی اوربینکنگ ذرائع سے ترسیلات زرکی حوصلہ افزائی کیلئے سہولیات اوراقدامات کے نتیجہ میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں مسلسل اضافہ ہورہاہے اورجاری مالی سال کی پہلی ششماہی میں سمندرپارپاکستانیوں کی ترسیلات زرمیں 11.3 فیصدکی نموریکارڈکی گئی ہے۔