اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ ڈنمارک حکومت کی جانب سے معدنیات کے شعبے میں تعاون اور دو طرفہ کاروباری سرگرمیوں سے ملکی معیشت مضبوط ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈنمارک کے سفیر جیکب لینولف کی سربراہی میں میکو کیٹو گروپ کے سی ای او فل سمڈتھ سے پیر کو ملاقات میں کیا ۔ ملاقات میں وفاقی وزراء ،عبدالعلیم خان، مصدق ملک اور محمد اورنگزیب نے بھی شرکت کی ۔ اس مو قع پر وزیر تجارت نے کہا کہ ڈنمارک پاکستان کا انتہائی اہم کاروباری شراکت دار ہے اور ہم اس شراکت داری کو کو آگے بڑھتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
ملاقات میں ڈنمارک کے سفیر نے کہا کہ ڈنمارک گذشتہ 30 برسوں سے پاکستان میں سٹیٹ آف دی آرٹ منصوبوں میں سرگرم عمل ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تجارتی تعلقات قائم ہیں ۔ملاقات میں وفاقی وزراء نے کہا کہ پاکستان میں معدنی وسائل کے وسیع ذخائر موجود ہیں اور بڑی سرمایہ کاری ہو سکتی ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان معدنیات کے شعبے میں غیرملکی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرے گا،پاکستان مستقبل میں ڈنمارک کے ساتھ بزنس کے فروغ اور مزید تعاون کا متمنی ہے۔
وفاقی وزیر نجکاری و سرمایہ کاری عبدالعلیم خان نے کہا کہ ڈنمارک سے سرمایہ کاری بہت حوصلہ افزا ہے، مثبت نتائج سامنے آئیں گے، حکومت نجی شعبے کے تعاون سے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ میں دلچسپی رکھتی ہے۔وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اپنے محکمے کی طرف سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ تجارت کو درپیش تمام مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ۔