ڈنمارک کی جہاز راں کمپنی میرسک کاغیر قانونی اسرائیلی آبادیوں سے منسلک کمپنیوں سے علیحدگی کا اعلان

3

کوپن ہیگن ۔26جون (اے پی پی):ڈنمارک کی جہاز راں کمپنی میرسک نے مقبوضہ مغربی کنارے میں غیر قانونی اسرائیلی آبادیوں سے منسلک کمپنیوں سے علیحدگی اختیار کرنے کے فیصلے کا اعلان کیا ہے ۔ العربیہ کے مطابق جون 2025 کی تاریخ کے ساتھ اپنی ویب سائٹ پر ایک بیان میں میرسک نے کہا کہ مغربی کنارے سے متعلق ٹرانسپورٹرز کے حالیہ جائزے کے بعد ہم نے اسرائیلی آبادیوں کے حوالے سے طریقہ کار مزید مضبوط کیا ہے جس میں سکریننگ کے عمل کو اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے اُن اداروں کے ڈیٹا بیس سے ہم آہنگ کرنا شامل ہے جو آباد کاری کی سرگرمیوں میں شامل ہیں۔

اقوامِ متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے اسرائیلی آبادیوں میں کام کرنے والی کمپنیوں کے ناموں کی فہرست دی ہے جہاں تقریباً 5لاکھ اسرائیلی بین الاقوامی قانون کی صریح خلاف ورزی کرتے ہوئے مقیم ہیں۔یہ فیصلہ اس وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ یمن کے حوثیوں نے بحیرۂ احمر میں اسرائیل سے منسلک بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔