روسیو ۔ 12 مئی (اے پی پی) پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین سیریز کے تیسرے اور فیصلہ کن ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستانی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 376 رنز بناکر آﺅٹ ہوگئی۔ اظہر علی نے 127 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ مصباح الحق اور سرفراز احمد نے نصف سنچریاں سکور کیں۔ روسٹن چیز نے 4 اور جیسن ہولڈر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ویسٹ انڈیز نے بغیر کسی نقصان کے 14 رنز بنا لئے۔ تفصیلات کے مطابق ونڈسر پارک، روسیو میں ٹیسٹ کے دوسرے روز پاکستان نے اپنی پہلی نامکمل اننگز 169 رنز 2 کھلاڑی آﺅٹ پر دوبارہ شروع کی تو اظہر علی 85 اور یونس خان 10 رنز پر کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ یونس خان گزشتہ روز کے سکور میں صرف 8 رنز کا اضافہ کر سکے اور 18 رنز بنانے کے بعد جیسن ہولڈر کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔