ڈومیسٹک سیزن میں ریجنز اور ڈپارٹمنٹس کیلئے علیحدہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹس ہونگے، پاکستان کرکٹ بورڈ

122
نوجوان خواتین کرکٹرز کے لیے ڈومیسٹک کنٹریکٹ کا اعلان

کراچی۔ 11 اگست (اے پی پی):پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ 2023-24کے ڈومیسٹک سیزن میں کھیل کے معیار میں اضافے اور مقابلے کی فضا پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ آمدنی کے مواقعوں میں اضافے کے پیش نظر آٹھ ڈپارٹمنٹس اور اتنے ہی ریجنز کی ٹیمیں علیحدہ فرسٹ کلاس ٹورنامنٹس میں حصہ لیں گی،اس اقدام کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ ریجنز اور ڈپارٹمنٹس یکساں مواقع میں کھیلتے ہوئے بہترین دستیاب ٹیلنٹ کو استعمال میں لاسکیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ سے جمعہ کو یہاں جاری تفصیلات کے مطابق ڈومیسٹک سیزن 10ستمبر کو قائداعظم ٹرافی کے ساتھ شروع ہوگا جس میں ٹاپ ریجنل ٹیمیں ایک دوسرے کے مدمقابل ہونگی جس کے بعد 15دسمبر سے پریذیڈنٹ ٹرافی شروع ہوگی جس میں آٹھ ٹاپ کی ڈپارٹمنٹل ٹیمیں حصہ لیں گی۔یہ دونوں ٹورنامنٹس سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جائیں گے اور پوائنٹس ٹیبل کی دو بہترین ٹیمیں فائنل کھیلیں گی۔ قائداعظم ٹرافی اور حنیف محمد ٹرافی گریڈ ٹو چار روزہ ٹورنامنٹ کے لیے اٹھارہ ریجنل ٹیموں کا انتخاب2018-19کے سیزن میں ٹیموں کی پوزیشنوں کی بنیاد پر عمل میں آیا ہے جہاں سے ڈومیسٹک ڈھانچے کا دوبارہ آغاز ہوگا ۔

یاد رہے کہ وزیراعظم پاکستان کرکٹ بورڈ کا 2014 کا آئین بحال کرچکے ہیں،دونوں ٹورنامنٹس ایک ساتھ شروع ہونگے۔ایبٹ آباد ، لاہور اور راولپنڈی قائداعظم ٹرافی کے میچوں کی میزبانی کریں گے جبکہ فیصل آباد ، ملتان اور اسلام آباد میں حنیف محمد ٹرافی کے میچز کھیلے جائیں گے۔

قائداعظم ٹرافی کھیلنے والی ٹیموں میں پشاور، کراچی وائٹس، لاہور بلوز، راولپنڈی،فاٹا ، ملتان ، لاہور وائٹس اور فیصل آباد شامل ہیں۔حنیف محمد ٹرافی میں شریک دس ٹیمیں ایبٹ آباد ، آزاد جموں کشمیر، بہاولپور، ڈیرہ مراد جمالی، حیدرآباد، کراچی بلوز،لاڑکانہ ، کوئٹہ ، سیالکوٹ اور اسلام آباد ہیں۔آٹھ ڈپارٹمنٹل ٹیمیں ایس ا ین جی پی ایل، ایس ایس جی سی، واپڈا،کے آرایل، پی ٹی وی،نیشنل بینک اسٹیٹ بینک اور آٹھویں ٹیم کا اعلان ابھی ہونا ہے،یہ پریذیڈنٹ ٹرافی میں حصہ لیں گی جس کے میچز دسمبر میں کراچی میں ہونگے۔