واشنگٹن ۔ 11 مئی (اے پی پی) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے درمیان گزشتہ روز ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔امریکی میڈیا کے مطابق ملاقات کے بعد ٹرمپ نے اخباری نمائندوں کو بتایا کہ لاوروف کے ساتھ ان کی ملاقات اچھی رہی۔ اوول آفس میں سابق وزیر خارجہ ہینری کسنجر کے ہمراہ بیٹھے ہوئے، ٹرمپ نے روسی سفارت کار سے اپنی بات چیت کے بارے میں کچھ تفصیل پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں شام کے معاملے پر ہم بہتر طور پر آگے بڑھ رہے ہیں۔ میرے خیال میں اچھی، بہتر اور بہت کی مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔ ہم قتل و غارت گری کو بند کریں گے۔ جنوری میں عہدہ سنبھالنے کے بعد ٹرمپ کی یہ کسی اعلیٰ سطح کے روسی سفارت کار سے پہلی بالمشافیٰ ملاقات تھی۔