ڈونلڈ ٹرمپ کا عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد خواجہ سرائوں کو امریکاکی مسلح افواج اور سکولوں سے نکالنے کا اعلان

140

واشنگٹن ۔23دسمبر (اے پی پی):نومنتخب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنا عہدہ سنبھالنے کے فوری بعد خواجہ سرائوں کو امریکاکی مسلح افواج اور سکولوں سے نکال دیں گے۔ رشیا ٹوڈے کے مطابق امریکی ریاست ایریزونا کے شہر فینکس میں تقریب سے خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ میں بطور امریکی صدر اپنے دفتر میں پہلے دن بچوں کے جنسی استحصال کو ختم کرنے، خواجہ سراؤں کوامریکی فوج سے اور امریکا کے ایلیمنٹری ،مڈل اور ہائی سکولوں سے باہر نکالنے کے انتظامی احکامات پر دستخط کروں گا۔

اس موقع پر نومنتخب صدر نےامریکا میں مقیم قانونی اور غیر قانونی تارکین وطن کی طرف سے جرائم کے ارتکاب کے خلاف فوری اقدامات کا وعدہ کیا اور ایک بار پھر پاناما کینال پر امریکی کنٹرول کو بحال کرنے کے عزائم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مردوں کو خواتین کے کھیلوں سے دور رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ امریکی حکومت کی سرکاری پالیسی ہوگی کہ ہمارے ہاں صرف دو صنفیں ہوں گی،

مرد اور عورت۔واضح رہے کہ خواجہ سرائوں کے حقوق کے معاملہ پر امریکا کی دونوں بڑی جماعتو ں ریپبلکن اور ڈیموکریٹک پارٹی میں شدید اختلاف رائے پایا جاتا ہے اور قبل ازیں ریپبلکن ارکان کانگرس بھی ایل جی بی ٹی کیو گروپ کو نمایاں کرنے کے خلاف اپنا دبائو جاری رکھنے کے عزم کا اظہا کر چکے ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے منشیات کے کاروبار میں ملوث کارٹلز کو دہشت گرد گروپ قرار دینے کا بھی اعلان کیا۔

اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آئندہ ماہ اپنے عہدہ کا حلف اٹھانے کے بعد وہ امریکا کی ناکامی، نااہلی، قومی زوال کے چار طویل اور خوفناک سالوں کا صفحہ ہمیشہ کے لیے پلٹ دیں گے اور امن، خوشحالی اور قومی عظمت کے نئے دور کا آغاز کریں گے ۔ نومنتخب صدر نے ایک بار پھر کہا کہ میں یوکرین میں جنگ ختم کروں گا، میں مشرق وسطیٰ میں افراتفری کو روکوں گا اور میں وعدہ کرتا ہوں کہ تیسری عالمی جنگ کو روکوں گا۔