ڈونلڈ ٹرمپ کا یورپی یونین سے درآمدات پر ٹیرف ، چینی درآمدات پر ڈیوٹی عائد کرنے کے عزم کا اظہار

117
Donald Trump
Donald Trump

واشنگٹن۔22جنوری (اے پی پی):امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپی یونین سے درآمدات پر ٹیرف عائد کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی درآمدات پر 10 فیصد ڈیوٹی بھی یکم فروری سے تک عائد کی جا سکتی ہے۔ وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت میں امریکی صدر نے فینٹینائل کی سمگلنگ پر بیجنگ کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا اور امریکا کے ساتھ یورپی یونین کے تجارتی عدم توازن کو دور کرنے کی ضرورت کا ذکر کیا۔انہوں نے کہا کہ یورپی یونین ہمارے ساتھ بہت، بہت برا سلوک کرتی ہے۔ اس لیے جب تک وہ یونین سے تجارت پر ٹیرف عائد نہیں کرتے امریکا کو انصاف نہیں مل سکتا۔

امریکی صدر نے چین پر میکسیکو اور کینیڈا کو فینٹینائل بھیجنے کے الزام کا اعادہ بھی کیا۔اس سوال پر کہ یہ ٹیرف کب تک عائد کئے جاسکتے ہیں ، انہوں نے کہا کہ شاید یکم فروری تک۔امریکی صدر اس سے قبل کینیڈا اور میکسیکو پر امریکا میں غیر قانونی امیگریشن اور فینٹینائل کی سمگلنگ کو روکنے میں ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے ان پر 25 فیصد محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی تھی اور اس کے لئے بھی یکم فروری کی تاریخ دی تھی۔ یورپی یونین کے اکانومی کمشنر نے اس ہفتے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے تیار ہیں۔

اس کے علاوہ سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس سے خطاب میں یورپی یونین کی سربراہ ارسولا وان ڈیر لیین نے اعلان کیا کہ یور پ محصولات کے معاملے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے کیونکہ امریکا یورپ کا اہم شراکت دار ہے۔ یورپی کونسل برائے خارجہ تعلقات کے ایک حالیہ سروے کے مطابق یورپی ممالک کے باشندے ڈونلڈ ٹرمپ کے دوبارہ امریکا کا صدر بننے پر سب سے زیادہ پریشان ہیں، جب کہ برازیل سے لے کر چین اور بھارت سے ترکی تک ممالک کا خیال ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ان کے اور عالمی امن کے لئے بہتر ثابت ہوں گے۔