ڈونلڈ ٹرمپ کی غیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری کے منصوبے کی تصدیق

148

واشنگٹن۔19نومبر (اے پی پی):امریکا کے نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کی بڑے پیمانے پر ملک بدری کے منصوبے کی تصدیق کر دی ہے۔

دی اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق نومنتخب صدر کہا کہ وہ اپنے اس منصوبے پر عملدرآمد کے لئے قومی سطح پر ہنگامی حالت نافذ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں جس کے دوران ان تارکین وطن ،جن کی امریکا میں رہائش کی قانونی حیثیت نہیں ہے، کی بڑے پیمانے پر ملک بدری میں امریکی فوج کی مدد بھی لی جائے گی ۔

ڈونلڈ ٹرمپ نےیہ بات اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم، ٹروتھ سوشل پر ٹام فٹن کی طرف سے کی گئی ایک پوسٹ کے جواب میں کہی ۔ واضح رہے کہ جوڈیشل واچ نامی ادارے سے منسلک ٹام فٹن نے دعویٰ کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ قومی ایمرجنسی کا اعلان کر کےغیر قانونی تارکین وطن کی ملک بدری اور غیر قانونی امیگریشن سے نمٹنے کے لیے فوجی اثاثے استعمال کرے گی ۔