ساہیوال۔ 14 دسمبر (اے پی پی):ڈویژنل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے بورڈ آف ریونیو کے دو ترقیاتی منصوبوں کے نظرثانی شدہ تخمینہ جات کی منظوری دے دی جن پر لاگت کا تخمینہ 15کروڑ روپے لگایا گیا ہے۔ یہ منظوری کمشنر آفس میں منعقدہ خصوصی اجلاس میں دی گئی جس کی صدارت کمشنر ساہیوال ڈویژن شعیب اقبال سید نے کی۔
اجلاس میں ڈپٹی کمشنر پاک پتن سعدیہ مہر، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ فنانس ڈاکٹر سیف اللہ، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل عمران خان، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ محمد اکرم وٹو اور ایکسین بلڈنگ فتح محمد وٹو سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
منظور شدہ سکیموں کے مطابق7کروڑ60لاکھ روپے کی لاگت سے سرکٹ ہاؤس ساہیوال کی بیرونی دیوار تعمیر کرنے کے علاوہ ضروری سہولیات بھی فراہم کی جارہی ہیں جبکہ 7کروڑ39لاکھ روپے کی لاگت سے پاک پتن میں نیا سرکٹ ہاؤس تعمیر کیا جا رہا ہے۔