حیدرآباد۔ 30 مئی (اے پی پی):ڈویژنل کمشنر حیدرآباد بلال احمد میمن کی زیر صدارت نیشنل امیونائزیشن ڈیز (این آئی ڈیز ) کے تحت جاری پولیو مہم کا جائزہ اجلاس کمشنر ہاﺅس حیدرآباد میں منعقد ہوا، جس میں حیدرآباد ڈویژن کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، ڈی ایچ اوز، پولیس افسران، پی پی ایچ آئی اور دیگر متعلقہ اداروں کے افسران نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔ اجلاس میں کمشنرحیدرآباد کو ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے جاری انسداد پولیو مہم کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر کمشنر بلال احمد میمن نے کہا کہ رواں مہم کا پلان گزشتہ مہمات کے نسبت میں بہتر ہے جس میں خصوصی توجہ انکاری کیسز پر دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ موسم گرما کے باعث بچے گھروں پر موجود ہوتے ہیں جس کی وجہ سے اس بار کوریج میں نمایاں بہتری آئی ہے۔کمشنر کو اجلاس میں آگاہ کیا کہ ماتلی کے ایک گاوئوں میں 300 انکاری کیسز سامنے آئے تھے، جنہیں ایم پی اے کی مدد سے حل کیا گیا۔ اسی طرح جوہی میں بھی 200 انکاری کیسز رپورٹ ہوئے یہاں بھی علاقہ معززین اور پولیس کی مدد سے معاملے کو نمٹایاگیا۔ کمشنر بلال احمد میمن نے ضلع جامشورو کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ وہ مہم میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر رہا ہے۔کمشنر نے تمام اضلاع کو ہدایت کی کہ کسی بھی صورت میں آپریشنل ناکامی سے بچا جائے اور مہم کی کامیابی کو یقینی بنایا جائے۔
مزید کہا گیا کہ متعلقہ ادارے اپنی مربوط حکمت عملی سے اس مہم کو کامیاب بنائیں تاکہ پانچ سال تک کی عمر کاہر بچہ پولیوکے مرض سے محفوظ رہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=603459