ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی ‏سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت

162

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری ہفتہ کوروجھان جمالی آئے اور انہوں نے ‏سابق وزیراعظم میر ظفر اللہ خان جمالی مرحوم کے اہلخانہ سے تعزیت و فاتحہ خوانی کی۔ انھوں نے مرحوم کی مغفرت، بلند درجات اور پسماندگان کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کی۔ سابق وزیراعظم کے اہلخانہ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وہ میر ظفر اللہ خان جمالی کی وفات پر افسردہ ہیں، جمالی صاحب کی پہچان ایک سنجیدہ اور منجھے ہوئے سیاست دان کی رہی، وہ روایات کے پابند تھے جن میں دوستی اور تعلقات نبھانا اور دوسروں کو ساتھ لے کر چلنا شامل تھا اللہ تعالیٰ میر صاحب کی مغفرت فرمائے۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے ہمراہ پاکستان تحریکِ انصاف بلوچستان کے سینیئر رہنماء ڈاکٹر منیر بلوچ، سردار خادم حسین وردگ باری، لیاقت لہڑی، داؤد پانیزئی، گودا خان، حاجی گل خان اچکزئی، اکرم ترین، باچا آغا اور دیگر شامل تھے۔