اسلام آباد۔2اگست (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی اور وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور مرتضیٰ جاوید عباسی نے منگل کو صوابی اور پشاور کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا ۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی اور وفاقی وزیر مرتضیٰ جاوید عباسی نے بارشوں سے متاثرہ علاقے کا جائزہ لیا اور اس موقع پرانہوں نے سیلاب زدہ علاقوں میں جانی اور مالی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔
ڈپٹی سپیکر نے اس موقع پر اپنی بات چیت میں کہا کہ سیلاب متاثرین کی تکلیف اور مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ عوام کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی اور مرتضیٰ جاوید عباسی نے عوام سے ان کے مسائل کے بارے میں بھی دریافت کیا اور انہوں نے سیلاب متاثرین کے مسائل حل کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں ۔
زاہد اکرم درانی اور مرتضیٰ جاوید عباسی نے کہا کہ صوبائی حکومت خیبر پختونخوا سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لائے۔ وفاقی حکومت ملک بھر میں سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لئے سیاست سے بالاتر ہو کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔