ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کی وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین سے ملاقات

210

اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت رانا تنویر حسین سے جمعہ کو پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں بنوں میں تعلیم اداروں کی موجود صورتحال اور اساتذہ کی اپ گریڈیشن سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈپٹی سپیکر نے رانا تنویر حسین کو بنوں میں تعلیم اداروں کی موجود صورتحال سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے بنوں اور ملحقہ اضلاع میں تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لئے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کیلئے اساتذہ کی اپ گریڈیشن اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لئے کہا۔

ڈپٹی سپیکر نے وفاقی وزیر سے بنوں اور ملحقہ اضلاع میں ٹیکنیکل کالجز کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بنوں اور ملحقہ اضلاع کے نوجوان انتہائی باصلاحیت ہیں، ان نوجوانوں کو ٹیکنیکل تعلیم سے آراستہ کر کہ تربیت یافتہ افرادی قوت میں اضافہ کیا جا سکتا ہے جو بیرون ملک خدمات سر انجام دے کر ملک کی تعمیر وترقی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔