ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کا بنوں سمیت جنوبی اضلاع کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم

154

بنوں۔11مارچ (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے ضلع بنوں سمیت جنوبی اضلاع کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ہفتہ کو پاسپورٹ آفس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ جمیعت علماء اسلام (ف) عوام کے مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے اور علاقے کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ بنوں ٹاؤن شپ کے عوام کے گیس سمیت دیگر مسائل کو متعلقہ حکام سے اٹھا کر خوش اسلوبی سے حل کیا جائے گا۔زاہد اکرم خان درانی نے کہا کہ یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ تکنیکی مسائل کی وجہ سے شمالی وزیرستان کے لوگوں کو اس دفتر سے پاسپورٹ نہیں مل سکے، اس معاملے پر متعلقہ محکموں کے حکام سے بھی بات کی جائے اور اس معاملے کو حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی تاکہ جتنی جلدی ممکن ہو یہ مسئلہ حل ہو جائے۔