ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی سے سعودی مجلس شوریٰ کے چیئرمین کی ملاقات

116

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر عالمی کنونشن میں شرکت کے لئے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی مجلس شوریٰ کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات اور گولڈن جوبلی کی مناسبت سے منعقد ہونے والے بین الاقوامی کنونشن کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈپٹی سپیکر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئین کی گولڈن جوبلی کے موقع پر بین الاقوامی کنونشن میں آپ کی شرکت ہمارے لیے باعث افتخار ہے۔

سعودی عرب اور پاکستان کے مابین تعلقات برادرانہ، بھائی چارے، تاریخ کے مضبوط بنیادوں پر استوار ہیں۔پاکستان کو سعودی عرب کے اپنے دوستانہ اور برادرانہ پر فخر ہے۔پاکستان کی پارلیمان اور عوام سعودی عرب کی حکومت اور عوام کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک۔سعودی پارلیمانی فرینڈ شپ گروپ کے مابین پارلیمانی سطح پر وفود کا تبادلہ ضروری ہے۔پاکستان کے شمالی علاقہ جات کو اللہ تعالیٰ نے بے پناہ خوبصورتی سے نوازا ہے۔خواہش ہے کہ سعودی بھائی اپنی فیملیز کے ساتھ پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیر کریں ۔ سعودی مجلس شوریٰ کے چیئرمین نے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا گھر تصور کرتے ہیں ۔

پاکستان کی عوام سے ملنے والی محبت ہمیشہ یاد رہے گی۔سعودی عرب پاکستان کا دکھ سکھ کا دوست ہے جو ہر مشکل گھڑی میں پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑا رہتا ہے۔پاکستان کے تمام صوبوں کے عوام انتہائی محبت کرنے والے عوام ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین تعلقات دنیا کے لیے مثال ہیں۔پارلیمانی سطح پر رابطوں کا فروغ ضروری ہے۔پاک-سعودی پارلیمانی فرینڈز شپ گروپ گروپ کے مابین تبادلہ دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔