ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی سے تاجکستان کی مجلس نمائندہ گان کے ڈپٹی چیئرمین اور سری لنکا کے ڈپٹی سپیکر کی ملاقاتیں

123

اسلام آباد۔11مئی (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی نے کہا ہے کہ پاکستان تاجکستان کے مابین برادرانہ تعلقات، مذہب ، اخوت ،ثقافت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں اور پاکستان اقتصادی و پارلیمانی رابطوں میں اضافے کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہش مند ہے ۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار تاجکستان کی مجلس نمائندہ گان کے ڈپٹی چیئرمین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں ڈپٹی سپیکر سے ملاقات کی ۔

ڈپٹی سپیکر نے دونوں ممالک کی پارلیمانوں میں رابطوں کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی رابطے دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک میں اقتصادی ، تجارتی اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے ضروری ہے اور پاکستان ایک پر امن اور خوشحال افغانستان دیکھنے کا خواہش مند ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاجکستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کو سمندری راستوں سےبین الاقوامی تجارت کیلئے پاکستان کی بندر گاہیں سب سے قریب ہیں اور افغانستان میں پائیدار امن کا قیام وسطی ایشیائی ریاستوں کو پاکستان کے بندرگاہوں تک رسائی کیلئے ضروری ہے ۔ انہوں نے آئینی اوربین الاقوامی کنونشن میں شرکت پر تاجکستان کے وفد کا شکریا ادا کیا ۔ تاجکستان کی مجلس نمائندہ گان کے ڈپٹی چیئرمین نے گولڈن جوبلی کنونشن کے سلسلے میں منعقدہ بین الاقوامی آئینی کنونشن کے کامیاب انعقاد پر ڈپٹی سپیکر کو مبارک باد دیتے ہوئے پاکستان میں ان کے وفد کے پرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک میں اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجکستان پاکستان کے ساتھ اپنے قریبی دوستاانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، اور انہیں مزیدوسعت دینے کا خواہش مند ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک میں تجارت سمیت دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں جو دونوں ممالک کے عوام کے بہترین مفاد میں بروئے کار لائے جاسکتے ہیں،انہوں نے ڈپٹی سپیکر کو تاجکستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی جویریہ ظفر بھی موجود تھیں۔

بعد ازاں ڈپٹی سپیکر زاہد اکرم درانی سے سری لنکا کے ڈپٹی سپیکر ایچ ای اجیت راجا پاکسے نے بھی ملاقات کی ۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ڈپٹی سپیکر نے حالیہ اقتصادی بحران کا بہادری سے مقابلہ کرنے پر سری لنکن قوم کی بہادری اور استحکامت کو سراہا اور سری لنکا کی پائیدار ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا،انہوں نے کہا کہ سری لنکا خطے کا ایک اہم ملک ہے اور پاکستان سری لنکا کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کوبڑی اہمیت دیتا ہے ،انہوں نے سری لنکن کے ڈپٹی سپیکر کا آئین کی گولڈن جوبلی کے سلسلے میں منعقد ہونے والے کنونشن میں شرکت پر شکریہ ادا کیا ۔

سری لنکا کی پارلیمان کی ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ آپنے دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان ہر مشکل وقت میں سری لنکا کی حمایت اور امداد کی ہےجس پر سری لنکا کی حکومت اور عوام پاکستان کی حکومت اور عوام کی مشکور ہیں ۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان سیاحت اور دیگر اقتصادی اور سماجی رابطوں میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ۔