ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کا شہید ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے کا خیر مقدم

99
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کا شہید ذوالفقار علی بھٹو ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے کا خیر مقدم

اسلام آباد۔6مارچ (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ نےشہید ذولفقار علی بھٹو ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو دی جانے والی سزا کے خلاف دائر کئے گئے ریفرنس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے۔

بدھ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ریفرنس پر متفقہ رائے اس بات کا ثبوت ہے کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو بے گناہ تھے اور انہیں فیئر ٹرائل نہیں دیا گیا،سپریم کورٹ کے اس فیصلے کے دور رس نتائج مرتب ہوں گے، سپریم کورٹ کی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے حوالے متفقہ رائے حق اور سچ کی فتح ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی سے متعلق صدارتی ریفرنس پر سپریم کورٹ کی متفقہ رائے کو تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف میں یاد رکھا جائے گا، ماضی کی غلطیوں سے سبق حاصل کر کے مستقبل کو سنوارا جا سکتا ہے۔

ڈپٹی سپیکر نے ذوالفقار علی بھٹو پھانسی سے متعلق سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنے کے لئے کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سزا کے خلاف ریفرنس کے سلسلے میں کاوشیں قابل ستائش ہیں۔ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کو تاریخ میں ہمیشہ سیاہ باب کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

ذوالفقار علی بھٹو نے جمہوریت کی بقاء کی خاطر اپنی جان کی قربانی دی اور اصولوں پر سودے بازی نہیں کی۔ شہید ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کے چار دہائیوں بعد سپریم کورٹ کی متفقہ رائے نے ثابت کیا کہ ان کو دی جانے والی سزا انصاف پر مبنی نہیں تھی۔