31 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومقومی خبریںڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ سے جرمن سفیر الفریڈ...

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ سے جرمن سفیر الفریڈ گراناس کی ملاقات، دوطرفہ پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

- Advertisement -

اسلام آباد۔15مئی (اے پی پی):پاکستان میں جرمنی کے سفیر الفریڈ گراناس نے جمعرات کو پارلیمنٹ ہائوس میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی اور پاکستان جرمنی فرینڈ شپ پارلیمانی گروپ کے کنوینر سید غلام مصطفیٰ شاہ سے ملاقات کی ۔

خیر سگالی کی اس ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی تعاون کو فروغ دینے سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ نے جرمن بنڈسٹاگ میں ہم منصب پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کی اہمیت پر زور دیا تاکہ پائیدار تعلقات اور باہمی تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ بات چیت میں ماحولیاتی شراکت داری ، دونوں ممالک کے درمیان عوامی سطح کے باہمی روابط کو فروغ دینے سمیت ثقافتی ، اقتصادی تعلقات کو وسعت دینے کے امور شامل تھے۔

- Advertisement -

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے ادارہ جاتی روابط کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان-جرمنی پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کا اگلا اجلاس جون 2025 میں منعقد کرنے کی تجویز بھی پیش کی جس میں جرمن سفیر کو بھی مدعو کیا گیا ۔ سفیر الفریڈ گراناس نے دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے جرمنی کے عزم کا اعادہ کیا اور مشترکہ مقاصد کو آگے بڑھانے میں پارلیمانی سفارت کاری کے اہم کردار پر زور دیا۔ ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے بین الاقوامی فورمز بالخصوص پاکستان کے جی ایس پی پلس سٹیٹس کے حوالے سے جرمنی کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے پاکستان کے ترقیاتی شعبے میں جرمنی کی خاطر خواہ شراکت کا بھی اعتراف کیا جس میں تعلیمی وظائف اور موسمیاتی اور توانائی کے اقدامات کے لیے تعاون شامل ہے۔ دونوں فریقین نے پاکستان اور جرمنی کے تعلقات میں مثبت رفتار کو اطمینان بخش قرار دیا اور دیرینہ خیر سگالی کو مزید مضبوط سیاسی اور اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔ انہوں نے پائیدار ترقی اور ماحولیاتی تنوع کے مشترکہ اہداف کو حاصل کرنے کے لیے پارلیمانی، ثقافتی اور اقتصادی تعاون کے ساتھ ساتھ عوام سے عوام تک کے روابط کو مزید تقویت دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597465

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں