اسلام آباد۔24فروری (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ یونیورسل ہیلتھ کیئر ہر شہری کا بنیادی حق ہے، ہیلتھ کارڈ کے اجراء کا مقصد معاشرے میں بنیادی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں فرق کو دور کرنا ہے، اس اقدام سے ملک میں صحت کے نئے انفراسٹرکچر کے قیام کی نئی راہیں کھلیں گی، ہیلتھ کارڈ ملک میں صحت کی خدمات میں انقلابی اقدام ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پونس ہیلتھ سائنسز یونیورسٹی یو ایس اے کے سربراہ ڈیوڈ لینہن اور امریکن بزنس مین محمد عتیق سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
پاکستان میں یو ایس اے میڈیکل ایجوکیشن ڈگری پروگرام شروع کرنے کے حوالے سے ڈیوڈ لینہن کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاکستان کے میڈیکل کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمارے طلباء باصلاحیت ہیں اور وہ ایسے اقدامات سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں اور غیر ملکی میڈیکل ایجوکیشن سے روشناس ہونے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس طرح کے پروگرام ملک میں عوام کو معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں رہ کر غیر ملکی ڈگری حاصل کرنے سے ہیلتھ سائنسز میں جدت آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ غیر ملکی طبی اداروں کے ساتھ الحاق کے اس اقدام سے ہمارے تدریسی ہسپتالوں اور ان کی فیکلٹیز کو بھی اپ گریڈ کیا جائے گا۔
میڈیکل ایجوکیشن کے شعبے میں سرمایہ کاری کے فوائد کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں سہولیات کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ امریکن بزنس مین محمد عتیق اور عفان وحید نے اس سلسلے میں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کے تعاون کو سراہا۔
انہوں نے شرکاء کو ماڈل پروجیکٹ شروع کرنے کی اپنی تجویز سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت مند طلباء کو اسکالرشپ بھی دی جائے گی۔ انہوں نے امریکہ اور پاکستان میں طبی تعلیم کے مختلف نظام کے انضمام کے امکانات پر بھی بات کی۔
انہوں نے شرکاء کو یونیورسٹی آف لاہور کے ساتھ اپنے ایم او یوز کے بارے میں بھی بتایا اور پاکستان میں اس موقع کو تلاش کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی۔ اجلاس میں وزارت صحت کے سینئر افسران، ممبر ایچ ای سی اور پاکستان میڈیکل کمیشن، نیشنل ہیلتھ سروسز کے علاوہ وائس چانسلر شہید ذوالفقار میڈیکل یونیورسٹی بھی شرکت تھے۔