ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے فکلیٹی ممبران اور زیرتربیت افسران کے وفد سے گفتگو

104

اسلام آباد ۔ 5 اپریل (اے پی پی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے کہا ہے کہ پاک فوج دنیا کی بہترین فو ج ہے اور اس نے اپنی پیشہ وارانہ مہارت سے دنیا بھرمیں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے، پوری قوم کو اپنی افواج پر فخر ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ہما ری افواج نے لازوال قربانیاں پیش کی ہیں اور ملک بھر خصوصاً بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے میں جوکار ہائے نمایاں سرانجا م دیئے ہیں وہ قا بل ستا ئش ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے فکلیٹی ممبران اور زیرتربیت افسران کے وفد، جس کی قیادت کرنل آصف عزیز خان رہے تھے، سے جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہائوس میں ملا قات کے دوران کیا۔ اس موقع پر وفد کے شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی مو ثر کارروائیوں کی بدولت ملک سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ ممکن ہوا ہے اور امن بحال ہوا ہے۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے حالیہ جارحیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے جس جوانمردی سے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا ہے، اس نے دنیا پر ثابت کر دیا ہے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں اور ہماری افواج کسی بھی قسم کی جارحیت سے نمٹنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات چاہتا ہے اورتمام تصفیہ طلب معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتا ہے تاہم ہماری امن پسندی کی کو شش کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ پاکستانی قوم اور پاک فوج ملک کے دفاع اور سالمیت کے لیے متحد ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ انہوں نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے اعلیٰ معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمانڈ اینڈ سٹا ف کالج کوئٹہ کا شمار دنیا کی بہترین درسگاہوں میں ہوتا ہے۔ اس مو قع پر وفد کے شرکاء کو قومی اسمبلی اور اس کی قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل اور کام کے طریقہ کار سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی جس میں شرکاء نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ کرنل آصف عزیز خان نے ڈپٹی سپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمان ملک کا سپریم ادارہ ہے اور اس کا احترام ہم سب پر لا زم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت تیار ہے اور ملک کی طرف اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ انہوں نے ڈپٹی سپیکر کو کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کے تعلیمی ڈھانچے اور تربیتی سرگرمیوں سے بھی آگاہ کیا۔