ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ایم ڈی پاکستان بیت المال ظہیر عباس کھوکھر کے ہمراہ بلوچستان کے زلزلہ سے متاثرہ ضلع ہرنائی کا دورہ

109

کوئٹہ۔9اکتوبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ہفتے کو وزیراعظم کے معاون خصوصی سینیٹر ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور ایم ڈی پاکستان بیت المال ظہیر عباس کھوکھر کے ہمراہ زلزلہ سے متاثرہ بلوچستان کے ضلع ہرنائی کا دورہ کیا۔

ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کرکے زلزلے میں زخمی ہونے والوں کی عیادت کی اور شہید ہونے والوں کے اہلخانہ سے تعزیت، فاتحہ خوانی کرتے ہوئے ہمدردی کا اظہار کیا،

ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے متاثرین زلزلہ کی ہر قسم کی مدد کی یقین دھانی کراتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور پاک فوج و رفاہی اداروں کے تعاون سے متاثرہ خاندانوں کو بھرپور معاونت فراہم کیا جائے گا،

بعد ازاں ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے ایم ڈی بیت المال ملک ظہیر عباس کھوکھر اور ممبر بورڈ پاکستان بیت المال بلوچستان کلثوم پانیزئی کے ہمراہ ہرنائی زلزلہ کے متاثرین میں چیک اور ویل چیئر تقسیم کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے ہرنائی کے عوام کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔