اسلام آباد۔4نومبر (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کی صدارت میں قومی اسمبلی کی ہاؤس اینڈ لائبریری کمیٹی کا اجلاس جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا ۔ اجلاس میں پارلیمنٹ لاجز کی تازئین و آرائش اور دیکھ بھال ، قومی اسمبلی ایمپلائیز کو آپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی اور پارلیمنٹ لاجز میں دیگر سہولیات کی فراہمی، پارلیمنٹ لاجز میں 104 فیملی سویٹس اور سرونٹ کواٹر کی تعمیر سے متعلق امور کو زیر بحث لایا گیا۔
کمیٹی نے پارلیمنٹ لاجز سے ملحقہ فیملی سویٹس کی تعمیر میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تعمیر کا منصوبہ 2011 شروع کیا گیا جسے 2013 مکمل ہونا تھا جو اب تک مکمل نہیں ہو سکا اور اس منصوبے کی لاگت میں کئی گناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ اس منصوبے میں تاخیر کےذمہ داروں کا تعین کیا جائے اور کمیٹی کو بتایا جائے کہ اُن کے خلاف کیا کاروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ ممبر انجینئرنگ سی ڈی اے نے کمیٹی کو بتایا کہ سرونٹ کواٹرز کی تعمیر کا ٹینڈر ہو چکا ہے جس میں 8فرمز نے کوالیفائی کیا ہے اور یہ ٹینڈر 8نومبر کو کھولے جائیں گے۔
ممبر انجنئیر نگ نے 104 فیملی سویٹس سے متعلق معاملات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ فیملی سویٹس تعمیر کی تاخیر کی بنا پر تعمیراتی فرم کا ٹھیکہ 2016 میں منسوخ کر دیا تھا جس پر فرم آر بی ٹریشن میں چلی گئی تھی جس نے سی ڈی اے خلاف فیصلہ دیا تھا جس پر سی ڈی اے نے کورٹ میں اپیل دائر کی ہے اور اس ماہ کے آخر تک اس کا فیصلہ متوقع ہے۔ کمیٹی نے کہا کہ اتنے لمبے عرصے تک 104فیملی سویٹس کی تعمیر میں تاخیر اس معاملے میں سی ڈی اے کی نااہلی کو ظاہر کرتی ہے ۔
کمیٹی نے سی ڈی اے کو اس معاملے کی فعال انداز میں قانونی چارہ جوئی کرنے کی ہدایت کی۔ کمیٹی نے پارلیمنٹ لاجز میں چوہوں کے خاتمے کے لیے سی ڈی اے کی جانب سے اُٹھائے گے اقدامات پر اطمینا ن کا اظہار کیا اور انہیں مزید موثر بنانے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی اسپیکر نے پارلیمنٹ لاجز میں صفائی ستھرائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ کمیٹی ممبران نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر فیڈرل سروسز ہسپتال کو پارلیمنٹ لاجز اور گورنمنٹ ہاسٹل میں فراہم کی جانے والی صحت کی سہولیات کی اپ گریڈیشن کی بھی ہدایت کی۔
قومی اسمبلی ایمپلائیز کو اپریٹیو ہاؤسنگ سوسائٹی کے لے آؤٹ پلان کو زیر بحث لاتے ہوئے اسلام آباد انتظامیہ اور سی ڈی اے کو ہاؤسنگ سوسائٹی کے لے آوٹ پلان سے متعلق معاملات کو جلد حل کرنے اور( NAECHS) کی زمین پر ناجائز قبضے کو واگزار کرنے کے لیے اقدامات اُٹھانے کی بھی ہدایت کی۔ کمیٹی اجلاس میں ممبران قومی اسمبلی صالح محمد، مرتضٰی جاوید عباسی ، محترمہ عالیہ کامران، محترمہ نصیبہ چنا اور محترمہ مسرت رفیق مہیسر اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی