ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا پارلیمانی وفد کے ہمراہ ایران کے شہر مشہد کا دورہ

192
ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری کا پارلیمانی وفد کے ہمراہ ایران کے شہر مشہد کا دورہ

مشہد ۔22فروری (اے پی پی):ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری نے منگل کو پارلیمانی وفد کے ہمراہ ایران کے شہر مشہد کا دورہ کیا۔

قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق ڈپٹی سپیکر پارلیمانی وفد کے ہمراہ ایران کے سرکاری دورے پر ہیں جس کا مقصد ایران کی اقتصادیات سے واقفیت حاصل کرنا ،

دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مستحکم کرنا، مزید اقتصادی منڈیوں کی تلاش اور مشترکہ سرحدی منڈیوں کو مضبوط بنانا ہے۔

انہوں نے مشہد کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت اور مظلوم کشمیری عوام کے لئے عالمی سطح پر آواز اٹھانےکو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان دونوں اسلامی ممالک کے مابین پارلیمانی و اقتصادی تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کوشاں ہیں اور اسی مقصد کے تحت پاکستانی حکام نے کئی دورے بھی کیے ہیں۔

اس کے علاوہ ایران کے خلاف عائد پابندیوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کی پابندیاں ہٹانے کی کوششوں بالخصوص کورونا سے نمٹنے کیلئے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششوں سے آگاہ کیا ۔ دریں اثناء انہوں نے ولی فقیہ کے نمائندے اور مشہد کے امام، خراسان کے گورنر اور آستانہ قدس رضوی کے ٹیوشن کے نائب کے ساتھ روضہ امام رضا علیہ السلام کی زیارت کی اور پھولوں کی چادر چڑھائی اورمسلم امہ کی ترقی و خوشحالی کےلیے دعا کی۔