ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قا سم خان سوری سے نیشنل پارلیمنٹری ڈویلپمنٹ کورس کے شرکاء کی ملاقات

99

اسلام آباد ۔ 8 نومبر (اے پی پی) ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قا سم خان سوری سے نیشنل پارلیمنٹری ڈویلپمنٹ کورس (این پی ڈی سی) کے شرکاءنے جمعرات کو پارلیمنٹ ہاﺅس میں ملاقات کی۔ اس مو قع پر ڈپٹی سپیکر نے کو رس کے شرکاءسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمنٹ عوام کی امنگوں کی ترجمان ہوتی ہے اور ارا کین پارلیمنٹ پر عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کے حل کی بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو موجودہ پارلیمنٹ سے بہت زیادہ توقعات وابستہ ہیں اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کےلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ پارلیمنٹ کی کارروائی چلانے میں عوامی نمائندوں کے ساتھ ساتھ پارلیمانی عملے کا کردار بھی کلیدی اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی عملے کی بنیادی ذمہ داری اراکین پارلیمنٹ، قانون سازی، تحقیق اور دیگر شعبوں میں معاونت فراہم کرنا ہے اوراراکین پارلیمنٹ کو بہتر معاونت کی فراہمی کےلئے پارلیمانی عملے کا اپنے پیشہ وارانہ امور کا ماہر ہونا ضروری ہے۔