ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کا ایس ایس سی سالانہ امتحانات کے مختلف مراکز کا دورہ، انتظامات اور سکیورٹی کا جائزہ

82

کوئٹہ۔ 26 فروری (اے پی پی):ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ سمیع اللہ کاکڑ نے ضلع ایجوکیشن آفیسر پنجگور، محمد جان، ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (خواتین)، کلثوم رشید اور ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ایجوکیشن (خواتین)، سعدیہ اسلام کے ہمراہ ایس ایس سی سالانہ امتحانات کے مختلف مراکز کادورہ کیا۔ انہوں نے گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول ملک آباد واشبود، گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری اسکول گرامکان پنجگور، گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول گرامکان پنجگور، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول تَسپ، گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول تَسپ، گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول عیسیٰ قلات، اور گورنمنٹ بوائز ہائر سیکنڈری اسکول عیسیٰ کا معائنہ کیا اور امتحانات کے مجموعی انتظامات کا جائزہ لیا ۔

معائنہ کے دوران تمام امتحانی مراکز میں بہترین انتظامات دیکھنے میں آئے۔ امتحانی عمل خوش اسلوبی سے جاری تھا، امتحانی نشستوں کی شاندار ترتیب دیکھی گئی اور کسی بھی قسم کی نقل کا کوئی واقعہ سامنے نہیں آیا۔ سکیورٹی کے سخت اور مؤثر انتظامات موجود تھے، جبکہ نگران عملہ پوری جانفشانی اور ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض انجام دے رہا تھا۔

ڈپٹی سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، سمیع اللہ کاکڑ نے امتحانی مراکز میں فراہم کی گئی سہولیات اور مجموعی نظم و ضبط پر اطمینان کا اظہار کیا اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے طلبہ کو ایمانداری اور محنت کے ساتھ امتحانات دینے کی ہدایت کی اور کہا کہ شفاف امتحانی نظام کسی بھی تعلیمی نظام کی کامیابی کی ضمانت ہوتا ہے

اس موقع پر متعلقہ تعلیمی افسران نے بھی امتحانات کے سلسلے میں کیے گئے اقدامات پر بریفنگ دی اور یقین دہانی کرائی کہ امتحانات کا عمل مکمل شفافیت کے ساتھ جاری رکھا جائے گا۔