اسلام آباد ۔ 18 جنوری (اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے خشک سالی پر قابو پانے کےلئے وفاقی حکومت کے ساتھ پارلیمان کو بھی اپنی کوششوں میں شامل کرے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام دنیا کے بڑے فلاحی منصوبوں میں شامل ہے جو پسماندہ علاقوں کی غریب خواتین کے معیار زندگی کو بہتر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، پاکستان دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کسی بھی آفت سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کونیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے زیر اہتمام خشک سالی کے موضوع پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بے پناہ قدرتی وسائل کا حامل ملک ہے مگر خشک سالی جیسی سنگین آفت ان وسائل کو نقصان پہنچا رہی ہے۔