ڈپٹی چیئرمین سینٹ سیدال خان سے سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ کی ملاقات، مختلف امور پر تبادلہ خیال

123
Deputy Chairman Senate Syedal Khan
Deputy Chairman Senate Syedal Khan

اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی اور ان کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سیکرٹری خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نےکہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی خطے اور عالمی امن کے فروغ اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات کو بڑھانے پر مرکوز ہے اور پاکستان کے تشخص کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے میں پاکستان کے وزارت خارجہ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے سیکرٹری خارجہ کی کاوشوں کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی پیشہ وارانہ قیادت میں وزارت خارجہ نے سفارتکاری کے میدان میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس وقت خطے اور علاقائی سطح پر بہت سے مسائل درپیش ہیں تاہم ایک جامع اور مضبوط خارجہ پالیسی کی بدولت ہی پاکستان عالمی برادری میں اپنا نام بنا رہا ہے اور اپنا لوہا منوایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم خطے اور علاقائی سطح پر امن کے خواہاں ہیں اور امن کے لئے کی جانے والی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتے ہیں تاہم وہ مسائل جو خطے کے امن کو سبوتاژ کر سکتے ہیں ان کا حال انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کشمیر کے مسئلے کا بھی اس موقع پر ذکر کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادیں واضح ہیں تاہم ان پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر کشمیر اور فلسطین کے مسئلے کو اجاگر کرتا رہے گا ۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اپنا دہرا معیار ترک کرے اور فلسطین اور کشمیر کے مسئلے کا اقوام متحدہ کی قراردادوں اور انسانی حقوق کے قوانین کے مطابق حل نکالا جائے۔ سیکرٹری خارجہ نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ کو وزارت خارجہ کے کام کے طریقہ کار اور کارکردگی کے بارے میں بھی آگاہ کیا ۔