ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی کا کمیونسٹ پارٹی چائنہ کی 100 ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب

67

اسلام آباد۔29جون (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینٹ سینیٹر مرزا محمد آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام چین کے عوام اور قیادت کے ساتھ گہری وابستگی رکھتے ہیں اور ان کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔

منگل کو پاکستان چائنہ فرینڈشپ ایسوسی ایشن خیبر چیپٹر کے زیراہتمام کمیونسٹ پارٹی چائنہ کی 100 ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چین کی حکومت، قیادت، چینی سفیر اور چین کے عوام پارٹی کی 100ویں سالگرہ پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ ، ارکان پارلیمان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد موجود تھی۔

ڈپٹی چیئرمین سینٹ مرزا محمد آفریدی نے کہا کہ انہوں نے کئی مرتبہ چین کا دورہ کیا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے مابین ایک دوسرے کے ساتھ گہری وابستگی کا مشاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعلقات کو مستحکم کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے وہ اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک۔چین اقتصادی راہداری سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات اور دوستی کی مزید راہیں کھلیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات ہمالیہ سے بلند، سمندر سے گہرے اور شہد سے زیادہ میٹھے ہیں۔ پاک۔چائنہ فرینڈ ایسوسی ایشن خیبرچیپٹر کے صدر یوسف ایوب خان نے مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور بتایا کہ دونوں ممالک کے مابین دوستانہ تعلقات کے فروغ کیلئے ایسوسی ایشن اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ اس موقع پر کیک کاٹا گیا اور پاک۔چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن کے عہدیداروں میں شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔