اسلام آباد ۔ 14 نومبر (اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا ہے کہ پاکستان کی شنگھائی تعاون تنظیم میںشمولیت نے خطہ کی رابطہ کاری اور اقتصادی تعاون کےلئے نئی راہیں ہموار کی ہیں اور پاکستان کے جغرافیائی محل وقوع کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان خطہ، وسطی ایشیاءاور ایس سی او ممالک کےلئے تجارت کا مرکز بن جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان روس کے سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا انعقاد سابق سینیٹر سحر کامران نے کیا تھا۔ یاد رہے کہ سابق سینیٹر سحر کامران کو روس کی جانب سے اعلیٰ ریاستی ایوارڈ ”ایوارڈ آف کو آپریشن“ بھی دیا گیا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ خطہ اور عالمی سیاست اقتصادی تعاون اور رابطہ کاری کے گرد گھومتی ہے اور اس سلسلہ میں سی پیک خطہ کے ممالک کو تجارتی، اقتصادی تعاون کے وسیع مواقع فراہم کرتا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے سینیٹر سحر کامران کو ایوارڈ ملنے پر مبارکباد بھی دی۔