اسلام آباد ۔ 24 اکتوبر (اے پی پی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا نے کشمیر میں وادی کلگام میں بھارتی دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی افواج کشمیری نوجوانوں کو چن چن کر مار رہی ہیں، سری نگر میں بھارتی افواج نے کرفیو نافذ کررکھا ہے، کلگام میں نہتے کشمیریوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ سینیٹر سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ کلگام میں بھارتی فوج کی دہشت گردی سے چند دنوں میں دس سے زیادہ نوجوان شہید ہوچکے ہیں۔ بھارتی افواج کی دہشت گردی کی وجہ سے کلگام میں کاروبار زندگی معطل ہوکر رہ گیا ہے۔ کلگام میں تعلیمی ادارے ، اسپتال اور کاروبار بند ہے انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی افواج کی بربریت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔