ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے اراکین پارلیمنٹ، چیئرمین پاکستان ایگریکلچر کونسل اور چیئرمین این ایچ اے کی ملاقاتیں

207
Deputy Chairman Senate
Deputy Chairman Senate

اسلام آباد۔6اگست (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے اراکین پارلیمنٹ، چیئرمین پاکستان ایگریکلچر کونسل اور چیئرمین این ایچ اے نے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے پاکستان ایگریکلچر کونسل (پی اے آر سی) کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی نے منگل کو یہاں پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پاکستان ایگریکلچر کونسل کی زراعت کے شعبے میں تحقیق اور ترقی کے اقدامات کو سراہا اورکہا کہ زرعی شعبے میں ترقی کے لیے بین الاقوامی سطح پر تجربات سے استفادہ کرتے ہوئے ہم مقامی معیشت کو فروغ دے سکتے ہیں ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ زراعت ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور پاکستان ایک زرعی ملک بھی ہے لہٰذا دور دراز علاقوں میں زرعی شعبے میں کافی کام کی ضرورت ہے ۔ ہمیں ایسے اقدامات اٹھانے ہونگے جس کے تحت  بنجر زمین کو قابل کاشت بنایا جا سکے ۔  ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس وقت زرعی شعبے میں کافی مسائل ہیں تاہم ان مسائل کو ہم بہتر تحقیق، رابطہ کاری اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے ہی حل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان ایگریکلچر ریسرچ کونسل پر زور دیا کہ وہ صوبوں کے ساتھ اپنی رابطہ کاری کو مزید بڑھائے اور ایسے اقدامات تجویز کرے جو ہر صوبے کی آب و ہوا اور وہاں پر ماحول کے لحاظ سے بہتر اور موافق ہوں اور اس سے مقامی کسان اور کاشتکاروں کو فائدہ ہو سکے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے چیئرمین این ایچ اے نے بھی ملاقات کی چیئرمین این ایچ اے نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو سڑکوں اور انفراسٹرکچر کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کم ترقی یافتہ علاقوں میں اس وقت نیشنل ہائی ویز اور موٹرویز کے ذریعے نیٹ ورک بہتر بنایا جا رہا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے این ایچ اے کے اقدامات کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اب بھی بہت سے علاقے ایسے ہیں جہاں پر سڑکوں کا نیٹ ورک انتہائی کمزور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے نیٹ ورک کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو آمد و رفت میں آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبے شروع کیے جائیں جس سے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ فائدہ ہو سکے اور عوام کی نقل و حمل میں بھی آسانی ہو۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے چیئرمین این ایچ اے اور چیئرمین پی اے آر سی سے بلوچستان میں جاری منصوبوں پر ہونے والی پیشرفت پر تفصیلی رپورٹس بھی طلب کرلیں ۔ اس کے علاوہ ڈپٹی چئیرمین سینیٹ سے سینیٹرز، اراکین قومی اسمبلی اور اہم عمائدین نے بھی ملاقاتیں کیں ۔  ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے سب کو آگے بڑھنا ہوگا ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کہا کہ موجودہ حکومت نے ایسے اقدامات اٹھائے ہیں جن سے معیشت میں بہتری نظر آنے لگی ہے اور ملک کی ترقی پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے اراکین پارلیمنٹ سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ تمام صوبے بالخصوص بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں ایسے اقدامات اٹھانے ہوں گے جن کی بدولت وہاں کا نوجوان اپنے آپ کو فیصلہ سازی میں شامل سمجھے اور اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ ملک کی ترقی میں اپنا حصہ ڈال سکے۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے تمام اراکین پارلیمنٹ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ اراکین پارلیمنٹ نےڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی خوشدامن کے انتقال پر اظہار افسوس بھی کیا اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔ اراکین پارلیمنٹ میں سینیٹر عرفان الحق صدیقی ، مولانا عبدالغفور حیدری ، سلیم مانڈوی والا اور دیگر شامل تھے۔