ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے خصوصی سیکرٹری برائے پاور ڈویژن ارشد مجید محمد کی ملاقات

141
Deputy Chairman Senate
Deputy Chairman Senate

اسلام آباد۔18ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے خصوصی سیکرٹری برائے پاور ڈویژن ارشد مجید محمد نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو صوبہ بلوچستان میں جاری پاور ڈویژن کے منصوبہ جات اور ملک بھر میں بجلی کی پیداوار شارٹ فال اور خاص طور پر صوبہ بلوچستان میں لوڈ شیڈنگ سمیت متعدد منصوبہ جات بارے آگاہ کیا۔

بدھ کو یہاں سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ارشد مجید محمد نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی عوام کو بجلی کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں اور کوشش کی جا رہی ہے کہ صوبہ بلوچستان جو ملک کا پسماندہ ترین صوبہ ہے، اس میں بسنے والی دور دراز کی آبادیوں کو بھی بجلی کی سہولت فراہم کی جائے، وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق بجلی کی کی سپلائی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔

ارشد مجید محمد نے کہا کہ ٹرانسمیشن لائن کی بہتری سے بھی ان مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف صوبہ بلوچستان کی ترقی و خوشحالی میں خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں اور وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق بجلی کے نرخوں میں کمی کی گئی ہے، عوام کو بجلی کی سہولت کی فراہمی کے لیے بجلی کی زیادہ سے زیادہ پیداوار پر توجہ بھی دی جا رہی ہے ، کوشش کی جا رہی ہے کہ لوڈ شیڈنگ کو کم سے کم کیا جا سکے ۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان کی ترقی وخوشحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے موثر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، ملک بھر میں عوام کو بجلی کی سپلائی یقینی بنانے کے لیے وزیراعظم پاکستان سرگرم عمل ہیں، حکومت آئی پی پیز اور دیگر بجلی سے متعلقہ امور کا جائزہ لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ادارے بھی معاملات کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کا ساتھ دیں تاکہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہو سکے۔