ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری کی ملاقات

174
Deputy Chairman Senate
Deputy Chairman Senate

اسلام آباد۔20ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے جمعہ کو جمیعت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری نےملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، صوبہ بلوچستان اور ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ملک کے اقتصادی و معاشی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر آگے بڑھنا ہوگا ۔ ڈپٹی چیئر میں سیدال خان کا کہنا تھا کہ معاشی مسائل ، اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لئے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

مسلم لیگ (ن) کے قائدین ، وزیر اعظم شہباز شریف اور سینئر قیادت ملک کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہیں اورسب کو ساتھ لے کر چلنے کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں ۔ملاقات میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں راہنمائوں کا کہنا تھا کہ اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کے لیے تمام سیاسی جماعتیں متحد ہیں ، افواج پاکستان کی ملکی دفاع کے لیے قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، مادر وطن کی حفاظت کے لیے جان قربان کرنے والوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔

ڈپٹی چیئرمین سینٹ نے کہا کہ صوبہ بلوچستان ملک کا اہم صوبہ ہے، صوبے کی ترقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے ، مولانا عبدالغفور حیدری ایک زیرک سیاستدان اور دیرینہ دوست ہیں، صوبہ بلوچستان کے مسائل کے حل کے لئے مل کر کوششیں کرنے کے لئے پر عزم ہیں ۔