اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ، ژوب اورلورالائی سے قبائلی عمائدین کے علاوہ ریاض فتیانہ اور دیگر ارکان پارلیمنٹ نے الگ الگ ملاقات کی ، باہمی دلچسپی اور بجٹ کے حوالے سے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ و دیگر پارلیمنٹیرینز سے ملاقات کے دوران کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد کو سامنے رکھ آگے بڑھنا ہو گا، وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لئے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ڈائیلاگ جمہوریت کا حسن ہیں، مسائل کا حل جمہوری رویوں کے فروغ میں ہے، ملک کی معاشی حالت کو بہتر بنانے کے لئے مشکل فیصلے کرنا ہونگے۔ حالیہ بجٹ کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ حکومت کو عام آدمی کااحساس ہے، حکومت بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس کے مثبت نتائج جلد سامنے آئیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام پارلیمنٹیرینز بجٹ کو عوام دوست بنانے کے لئے موثر تجاویز پیش کریں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے جن کو قابو کرنے کے لیے حکومتی کاوشیں قابل تحسین ہیں، ملک میں جمہوریت کا فروغ معاشی ترقی کی راہیں ہموار کرے گا۔دریں اثنا قبائلی عمائدین سے ملاقات کے دوران ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے کہا کہ حکومت سابق قبائلی اضلاع کی ترقی و خوشحالی اور قبائلی رسم ورواج کی ترویج کے لئے بھر پور اقدامات اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ترقیاتی عمل کو تیز کرنے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، پارلیمان تمام مسائل کو جمہوری انداز میں حل کرنے والا مثالی فورم ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمانی جمہوری نظام کے تسلسل اور رابطہ کاری سے سیاسی مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے کہا کہ صوبہ بلوچستان میں منرلز اور کان کنی کے شعبے کی ترقی کے لئے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت بہترین اقدامات کر رہی ہے جس سے مقامی افراد کو روزگار کے بھر پور مواقع میسر ہوں گے۔