اسلام آباد۔5جولائی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قومی صحت کے چیئرمین عامر ولی الدین چشتی نے جمعہ کو یہاں ملاقات کی ۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ملاقات میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے عامر ولی الدین چشتی کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی کے چیئرمین کے طور پر منتخب ہونے پر مبارکباد دی ۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس امید کا اظہار کیا کہ وہ اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے صحت کے شعبے میں بہتری لانے کے لئے ایسی سفارشات مرتب کریں گے جن سے ہسپتالوں اور صحت سے متعلق یونٹس کی کارکردگی میں اضافہ ہوگا ۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پورے ملک اور خصوصاًبلوچستان میں جن ہسپتالوں کی حالت انتہائی خراب ہے ان ہسپتالوں پر بھی صحت کی قائمہ کمیٹی توجہ دے گی ، کمیٹی نہ صرف ایسے ہسپتالوں کے دورے کرے بلکہ ایسی سفارشات مرتب کرے گی جن سے وہاں پر موجود سہولیات کو اپ گریڈ کیا جا سکےاور عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ صحت ایک اہم شعبہ ہے اور حکومت کی ترجیح ہے کہ صحت پر زیادہ سے زیادہ توجہ دی جائے کیونکہ ایک صحت مند معاشرہ ملک کی ترقی اور اقتصادی خوشحالی میں بہتر کردار ادا کر سکتا ہے ۔
عامر ولی الدین چشتی نے بھی انہی خیالات کا اظہار کیا اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے ساتھ اس بات پر اتفاق کیا کہ صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ قائمہ کمیٹی ایسی سفارشات مرتب کرے گی جن سے صحت کے شعبے میں مزید بہتری لانے میں مدد ملے گی۔