اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے چین کے سفیرجیانگ زائیڈونگ نے ملاقات کی اوردونوں ممالک کے درمیان تاریخی دوستی، پاک چین اقتصادی راہداری کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں، گوادر پورٹ کی ترقی اور چینی سرمایہ کاروں کے لیے پاکستان میں سرمایہ کاری کے سازگار ماحول پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔سینٹ سیکرٹریٹ سے جاری اعلامیہ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے پاکستان اور چین کے مابین دیرینہ اور اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی پیک نہ صرف دونوں ممالک کے لیے بلکہ پورے خطے کی اقتصادی ترقی اور استحکام کے لیے ایک اہم منصوبہ ہے۔
انہوں نے چینی حکومت اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مزید سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی اور حکومت پاکستان کی جانب سے مکمل تعاون اور سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے پاک چین دوستی کو مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے سی پیک منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس کی کامیابی کو دونوں ممالک کے روشن مستقبل کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ملاقات میں گوادر پورٹ کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ گوادر پورٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اور پاکستان کی معیشت کو استحکام ملے گا۔چینی سفیر نے پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو فراہم کیے جانے والے سازگار ماحول کو سراہا اور مزید سرمایہ کاری کے امکانات پر مثبت ردعمل دیا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے اور مختلف اقتصادی و تجارتی شعبوں میں شراکت داری کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات وقت کے ساتھ مزید مستحکم اور بہتری کی جانب گامزن ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے سفر میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں اور مسقبل میں مزید مثبت اقدامات کی بدولت اچھے ثمرات آئیں گے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=576198