ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے چیئرمین پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی شاہد اقبال قریشی کی ملاقات
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے چیئرمین پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی شاہد اقبال قریشی کی ملاقات

مزید خبریں
اسلام آباد۔2جولائی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر سے پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیئرمین شاہد اقبال قریشی نے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ملاقات کے دوران شاہد اقبال قریشی نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کی مجموعی کارکردگی، ادارے کے اغراض و مقاصد، جاری ترقیاتی منصوبوں اور مستقبل کی حکمت عملی سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق بریفنگ میں بتایا گیا کہ پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی قیمتی پتھروں اور جیولری کی صنعت کو جدید خطوط پر استوار کرنے، ویلیو ایڈیشن کے فروغ، برآمدات میں اضافے، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے امکانات فراہم کرنے کے لیے موثر اقدامات کر رہی ہے۔
شاہد اقبال قریشی نے کہا کہ پاکستان قیمتی پتھروں اور معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے، اس شعبے میں موجود بے پناہ استعداد سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے قومی معیشت کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے، برآمدات میں نمایاں اضافہ ممکن ہے اور نوجوانوں کے لیے وسیع پیمانے پر روزگار کے مواقع پیدا کیے جا سکتے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کی کارکردگی اور شعبے کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ معدنیات، قیمتی پتھروں اور جیولری کا شعبہ قومی معیشت کے استحکام میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے اس شعبے میں سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی کے فروغ، ہنر مند افرادی قوت کی تربیت، ویلیو ایڈیشن اور برآمدات میں اضافے کے لیے ہر ممکن پارلیمانی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان قدرتی وسائل کی بے شمار نعمتوں سے مالا مال ملک ہے اور ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل کو جدید تقاضوں کے مطابق موثر انداز میں بروئے کار لایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر معدنی وسائل، قیمتی پتھروں اور جیولری کے شعبے کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے تو نہ صرف قومی معیشت کو مستحکم کیا جا سکتا ہے بلکہ روزگار کے وسیع مواقع پیدا کرکے عوام کی معاشی خوشحالی، برآمدات میں اضافہ، صنعتی ترقی اور ملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال کو بھی مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا قدرتی وسائل اور قیمتی معدنی ذخائر سے مالا مال صوبے ہیں، ان وسائل کو موثر منصوبہ بندی، جدید ٹیکنالوجی اور شفاف پالیسیوں کے ذریعے بروئے کار لا کر وہاں کے عوام کی سماجی و معاشی ترقی، خوشحالی اور روزگار کے مواقع میں نمایاں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ معدنی وسائل سے بھرپور استفادہ نہ صرف ان صوبوں کی ترقی کا ضامن ہے بلکہ ملکی معیشت کو بھی نئی مضبوطی فراہم کر سکتا ہے۔ملاقات میں جیمز اینڈ جیولری کے شعبے کو درپیش چیلنجز، اصلاحاتی اقدامات، ادارہ جاتی تعاون، پائیدار ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور مستقبل کی حکمت عملی پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔








