سنگاپور ۔1مارچ (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے سنگاپور میں پاکستان کے ہائی کمیشن کا دورہ کیا۔ اس موقع پر پاکستان کی ہائی کمشنر رابعہ شفیق نے انہیں پاکستان اور سنگاپور کے درمیان سفارتی و تجارتی تعلقات پر بریفنگ دی۔
انہوں نے سنگاپور سے حلال گوشت کی سرٹیفیکیشن کے حصول کی جاری کوششوں پر بھی آگاہ کیا، جس سے پاکستان کے گوشت کی برآمدات میں اضافہ ممکن ہو سکے گا۔
ہفتہ کو سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سیدال خان نے پاکستان خصوصاً بلوچستان کے معدنیات و کان کنی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان معدنی وسائل سے مالا مال ہے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے بہترین امکانات رکھتا ہے۔
مزید برآں انہوں نے بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کے اعلیٰ معیار کے پھل، خشک میوہ جات اور زرعی اجناس کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔دورے کے دوران، ڈپٹی چیئرمین نے ہائی کمیشن کے مختلف دفاتر کا معائنہ کیا، جہاں انہوں نے قونصلر خدمات اور سنگاپور میں مقیم پاکستانی برادری کو فراہم کی جانے والی دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ بعد ازاں، انہوں نے ہائی کمیشن کی وزیٹر بک میں اپنے تاثرات بھی قلمبند کیے۔