ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا چین کے سفارت خانہ کا دورہ، چینی ناظم الامور اور منسٹر قونصلر سے ملاقات

107
Deputy Chairman Senate Syedal Khan
Deputy Chairman Senate Syedal Khan

اسلام آباد۔26فروری (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے بدھ کو چین کے سفارت خانہ کا دورہ کیا اور چینی ناظم الامور اور منسٹر قونصلر سے ملاقات کی ۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو چین کے سفارت خانے میں عشائیہ پر مدعو کیا گیا تھا۔اس موقع پر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے چین کے سفارت خانے کے ناظم الامور اور قونصلر منسٹر سے تبادلہ خیال بھی کیا ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے چینی سفارتکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین خطے کی ترقی کا مشترکہ وژن رکھتے ہیں۔پاک چین دوستی کی اپنی ایک تاریخ ہے ، ہر مشکل وقت میں دونوں ملکوں نے ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے ۔ ہر پاکستانی کو پاکستان اور چین دوستی پر فخر ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ملکوں کی عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

تجارتی اقتصادی پارلیمانی دفاعی شعبے میں تعاون مثالی ہے ۔ اعلی سطح پر قیادت کے درمیان مثالی تعلقات ہیں عوامی سطح پر روابط کے استحکام کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔ پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانے سے عوام کو مزید قریب لایا جا سکے گا ۔ سی پیک پاک چین دوستی کی ایک عظیم مثال بن چکا ہے ۔سی پیک کے تحت منصوبوں سے پاکستان اور خطے میں تجارتی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔ سی پیک خطے میں اقتصادی سرگرمیوں کو تیز کرنے میں مددگار ثابت ہوگا ۔

اس منصوبہ کی بدولت خطے کی رابطہ کاری کو مزید فروغ ملے گا ۔ بلوچستان میں جاری منصوبوں سے بے روزگاری اور پسماندگی پر قابو پانے میں مدد ملے گی ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے چین کے سفارت خانے کے ناظم الامور اور تمام ٹیم کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا ۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے تجارتی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کو اہم قرار دیتے ہوئے وفود کی تبادلوں میں تیزی لانے پر بھی زور دیا۔