23.1 C
Islamabad
جمعرات, ستمبر 4, 2025
ہومقومی خبریںڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے...

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان کا کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے جلسے پر خودکش حملے کی شدید مذمت

- Advertisement -

اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کوئٹہ میں بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) کے جلسے پر ہونے والے افسوسناک خودکش حملے پر شدید دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بزدلانہ کارروائی نہ صرف بے گناہ انسانی جانوں کے ضیاع کا سبب بنی بلکہ قومی و سیاسی یکجہتی کو نقصان پہنچانے کی ایک ناکام کوشش بھی ہے۔بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سیدال خان نے کہا کہ دہشت گردی جیسے مذموم ہتھکنڈے پاکستان کے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ عوام اور سیاسی جماعتیں دہشت گردی کے خلاف متحد ہیں اور ایسے عناصر کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا جو ملک کو عدم استحکام کی طرف دھکیلنے کے درپے ہیں۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ اس سانحے میں بی این پی کے کارکنوں اور عام شہریوں کی شہادت ایک قومی سانحہ ہے جس نے پورے ملک کو سوگوار کر دیا ہے۔ انہوں نے لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے مرحومین کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔

- Advertisement -

انہوں نے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے قافلے کو نشانہ بنائے جانے کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ اس مشکل وقت میں وہ اور پورا ایوان بالا سردار اختر مینگل اور ان کے ساتھیوں کے ساتھ ہیں۔سیدال خان نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ واقعے کی جامع اور غیرجانبدار تحقیقات کر کے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو فوری انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ ایسے المیے دوبارہ جنم نہ لے سکیں۔انہوں نے کہا کہ ریاست اور عوام کے درمیان اتحاد ہی دہشت گردی کے خلاف سب سے بڑی طاقت ہے۔

اس لیے ضروری ہے کہ پوری قوم سیاسی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملک کی سلامتی، امن و استحکام اور قانون کی بالادستی کے لیے یکجہتی کا مظاہرہ کرے۔ سیدال خان نے کہا کہ دہشت گرد بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی سے خائف ہیں، مگر ہماری قوم کا عزم اور اتحاد ان کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنائے گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور ادارے دہشت گردی جیسے ناسور کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے پرعزم ہیں اور کسی بھی قیمت پر ملک کو امن و استحکام کی راہ سے پیچھے نہیں ہٹنے دیں گے۔

اس المناک سانحے میں مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی شہادت ایک مشترکہ قومی دکھ ہے، ہم سب متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے بلوچستان حکومت کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کی جائے اور مالی معاونت یقینی بنائی جائے۔ پارلیمان اور عوام دہشت گردوں کے خلاف ایک دیوار کی مانند ہیں اور ان کے عزائم کو ناکامی کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں