ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست وہ دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے بے مثال قربانیوں اور عزمِ راسخ کے ساتھ اپنی منزل حاصل کی، یہ دن ہمارے لئے محض جشن کا موقع نہیں بلکہ یہ اس عہد کی تجدید ہے کہ ہم اپنی آزادی کی حفاظت ہر قیمت پر کریں گے، ہمارے بزرگوں نے خون اور قربانی سے جو چراغ جلایا، اس کی روشنی کو قائم رکھنا ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔
یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی پیغام میں سیدال خان نے کہا کہ پاکستان کی بنیاد ایک ایسے خواب اور ایک ایسی جدوجہد پر رکھی گئی جو ایمان، اتحاد اور قربانی کا حسین امتزاج تھی، علامہ محمد اقبال کا خواب، قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت اور لاکھوں مسلمانوں کی قربانیاں اس ریاست کی اساس ہیں، آج ہمیں اس بات کو یاد رکھنا چاہئے کہ آزادی صرف ایک تحفہ نہیں بلکہ ایک امانت ہے جس کا تحفظ، بقا اور استحکام ہم سب کا فرض ہے۔انہوں نے کہا کہ ہماری مسلح افواج، سکیورٹی ادارے اور قانون نافذ کرنے والے اہلکار ہر روز اپنی جانوں کی بازی لگا کر اس ملک کی سرحدوں اور امن کی حفاظت کرتے ہیں، میں انہیں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں اور ان شہداء کو سلام عقیدت پیش کرتا ہوں
جنہوں نے وطن کی مٹی کے لئے اپنی جان نچھاور کر دی، ہم اس دن اپنے کشمیری اور فلسطینی بھائیوں کو بھی یاد رکھتے ہیں جو آزادی اور حقِ خودارادیت کے لئے ثابت قدمی سے جدوجہد کر رہے ہیں، پاکستان ان مظلوم عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اور ہمیشہ کھڑا رہے گا۔
ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہمارے سیاسی قائدین نے ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے، تین مرتبہ کے وزیرِاعظم محمد نواز شریف نے موٹرویز کا جال بچھا کر، بڑے توانائی منصوبے مکمل کر کے اور ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔ وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے اپنے انتظامی تجربے اور محنت سے عوامی فلاح، تعلیمی ترقی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے نمایاں اقدامات کئے۔ دونوں رہنماؤں کی سیاسی بصیرت اور خدمت کا جذبہ ہمارے لئے ایک مثال ہے کہ کس طرح وژن اور محنت سے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا جا سکتا ہے۔سیدال خان نے کہا کہ پاکستان کو درپیش معاشی، سماجی اور سیاسی چیلنجز سے نمٹنے کا واحد راستہ قومی یکجہتی، سیاسی استحکام، آئین کی پاسداری اور جمہوری اقدار پر عمل پیرا ہونا ہے۔ چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے درمیان ہم آہنگی ہی ہماری اصل طاقت ہے،
ہماری نوجوان نسل ملک کا قیمتی سرمایہ ہے اور ان کی تعلیم، تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہونی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ آئیں اس یومِ آزادی پر ہم سب مل کر یہ عہد کریں کہ ہم اپنے وطن کو امن، ترقی، انصاف اور خوشحالی کی ایک ایسی مثال بنائیں گے جو آنے والی نسلوں کے لیے فخر کا باعث ہو، اور جو بانیانِ پاکستان کے خوابوں اور شہداء کی قربانیوں کی حقیقی تعبیر ہو۔