اسلام آباد۔3ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ہزاره جرنلسٹ یونین راولپنڈی/اسلام آباد کے نومنتخب صدر تیمور اقبال جدون اور ان کے ساتھی عہدیداران کو انتخابی کامیابی پر دلی مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ اپنے پیغام میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ نومنتخب کابینہ کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ صحافی برادری ان پر اعتماد کرتی ہے اور ان کی قیادت سے مثبت اور تعمیری توقعات وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا نہ صرف عوامی رائے کی تشکیل میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے بلکہ جمہوری نظام کی مضبوطی اور شفافیت کے فروغ کے لئے بھی کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔بدھ کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق سیدال خان نے کہا کہ صحافی برادری ہمیشہ قومی مفاد، جمہوری اقدار اور عوامی فلاح کے تحفظ کے لئے سرگرم رہی ہے۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت یونین کے پلیٹ فارم سے آزادی صحافت کے فروغ، صحافیوں کے مسائل کے حل اور ان کی پیشہ وارانہ تربیت کے لئے عملی اقدامات کرے گی۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس بات پر زور دیا کہ پارلیمان اور میڈیا کے درمیان قریبی روابط جمہوری عمل کو مزید فعال اور مضبوط بنانے میں مددگار ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مقدس زمہ داری ہے جو معاشرے کو باخبر رکھنے، حقائق سامنے لانے اور عوام کی آواز ایوانوں تک پہنچانے کا ذریعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان میڈیا کی آزادی اور اس کے کردار کے فروغ کے لئے ہمیشہ اپنا تعاون جاری رکھے گی اور دونوں ادارے مل کر عوامی خدمت اور قومی ترقی کے اہداف کے حصول میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے نومنتخب صدر اور ان کی ٹیم کو یقین دلایا کہ ان کے مثبت اور تعمیری اقدامات سے نہ صرف صحافی برادری کو تقویت ملے گی بلکہ ملک میں جمہوری اقدار بھی مزید مستحکم ہوں گی۔