اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے ڈویژنل سپریٹنڈنٹ ریلوے عمران حیات نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران بلوچستان میں ریلوے کے میگا منصوبہ جات، ریلوے کی بہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات اور مستقبل کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
سینیٹ سیکرٹریٹ میڈیا ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ہفتہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق عمران حیات نے ڈپٹی چیئرمین کو بلوچستان میں جاری ریلوے منصوبوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور ریلوے کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بلوچستان میں ریلوے نیٹ ورک کی توسیع اور بہتری کے لیے جاری منصوبوں کے حوالے سے تفصیلات فراہم کیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر سبی سے ہرنائی ریلوے ٹریک کی جلد بحالی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس ٹریک کی بحالی سے مقامی آبادی کو بے پناہ فائدہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ علاقہ معدنیات اور کوئلے کے ذخائر سے مالامال ہے، جس کی ترسیل میں بہتری سے معیشت کو استحکام ملے گا۔ علاوہ ازیں، ان علاقوں کی اعلیٰ معیار کی سبزیاں، پھل اور دیگر اجناس ملک کے دیگر حصوں تک باآسانی پہنچ سکیں گی، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا۔ڈپٹی چیئرمین نے مزید کہا کہ سی پیک کے اہم منصوبہ جات کا مرکز صوبہ بلوچستان ہے، لہٰذا ان منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے تاکہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہو سکے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بلوچستان کو کراچی، لاہور، پشاور اور دیگر علاقوں سے ملانے والے ریلوے ٹریکس میں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں اور ملک کا ریلوے نظام جدید اور مؤثر بن سکے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے ریلوے انتظامیہ کے اقدامات کو سراہتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان میگا منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے ملک کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔