اسلام آباد۔26ستمبر (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے صدر قاری رحمت اللہ نے وکلاء کے وفد کے ہمراہ پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی۔ جمعرات کو سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں عدالتی اصلاحات بلخصوص کوئٹہ میں وکلاءکو درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کوئٹہ بار کو موثر بنانے اور وکلاءکے مسائل کے حل کےلئے کوششیں کر رہے ہیں ۔
جمہوریت کی نشو نما میں عدلیہ کا کردار انتہائی اہم ہے اور عدالتی نظام کو فعال اور بہتر بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔صدر کوئٹہ بار ا یسوسی ایشن نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے اسلام آباد میں کوئٹہ سے تعلق رکھنے والے وکلاءکے لیے زمین کی الاٹمنٹ، لیپ ٹاپ سکیم،بار ایٹ لاءاور ایل ایل ایم کے لئے و ضائف دینے کے حوالے سے سفارشات کیں ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے یقین دہانی کرائی کہ کوئٹہ بار ایسوسی ایشن کے وکلاءکے مسائل جلد از جلد حل کئے جائیں گے ۔